Friday, October 02, 2026
 

مارچ کی تیاری مکمل، ہمارے عمران خان کی رہائی سمیت تین مطالبات ہیں، پی ٹی آئی

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی، اسپتال منتقلی اور مقدمات کی جلد سماعت کے تین مطالبات کے لیے لانگ مارچ کی تیاری مکمل ہے۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا  لانگ مارچ جنوبی اضلاع سے شروع ہوگا، وزیراعلیٰ سہیل افریدی جنوبی اضلاع سے جلوس کی قیادت کریں گے، ملاکنڈ ڈویژن کے جلوس کی قیادت صوبائی صدر جنید اکبر خان کریں گے، جنوبی اضلاع، پشاور، ملاکنڈ اور ہزارہ کے جلوس صوابی میں اکھٹے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4 اکتوبر کو پرامن لانگ مارچ ہر حال میں ہوگا، مارچ کی تیاری مکمل ہے، وسائل آڑے نہیں آئیں گے جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کا انحصار حکومت کے رویے پر ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عمران خان تک رسائی، ان کی اسپتال منتقلی اور ان کے مقدمات کی جلد سماعت ہمارے مین مطالبات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سلجھے اور مصلحت پسند انسان ہیں، کوئی راستہ نکال لیں گے، اب تک حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کو حوصلہ افزا کہہ سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے اپنا اپنا مدعا رکھ دیا ہے، دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے، لانگ مارچ کی منزل اسلام اباد ہی ہے،گورنر راج مسائل کا حل  نہیں، اس سے صورت حال اور مزید گمبھیر ہو جائے گی۔ شوکت یوسف زئی نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کا مشورہ خیبر پختنخواہ کے بے روزگار لوگ دے رہے ہیں، حکومت حالات ٹھیک کرنا چاہتی ہے تو عمران خان سے ملاقات کی فوراً اجازت دے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل