Friday, October 02, 2026
 

بشریٰ انصاری پر سپورٹ نہ کرنے کا الزام، زارا نور نے اپنے بیان کی وضاحت کردی

 



پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی خالہ اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کے بارے میں سامنے آنے والے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو شکایت کے طور پر پیش کیا گیا، حالانکہ ان کا ایسا کوئی مقصد نہیں تھا۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک وائرل نیوز اسٹوری شیئر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انسان جو بات کہتا ہے، اسے جس انداز میں سمجھا جاتا ہے، پھر وہ کس طرح لکھی جاتی ہے اور آخر میں لوگ اس سے کیا مفہوم اخذ کرتے ہیں، یہ تمام چیزیں ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتی ہیں۔ زارا نور عباس نے اپنی خالہ کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ بشریٰ انصاری ان کے لیے سب سے بہترین ہیں اور لوگوں کو ان کی خاندانی وابستگی پر حسد نہیں کرنا چاہیے۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر زارا نور عباس کے ایک انٹرویو کا مختصر حصہ گردش کر رہا تھا جس میں انہوں نے بشریٰ انصاری کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ اس بیان کو بعض سوشل میڈیا پیجز پر اس انداز میں پیش کیا گیا جیسے اداکارہ اپنی خالہ سے کسی بات کی شکایت کر رہی ہوں۔ اداکارہ نے اپنے بیان میں یہ بھی واضح کیا تھا کہ کسی معروف رشتے دار کا ہونا اس بات کی ضمانت نہیں بنتا کہ فلم ساز کسی اداکارہ پر بڑی سرمایہ کاری کریں گے۔ ان کے مطابق اداکارہ کو بہرحال اپنی صلاحیت اور باکس آفس کارکردگی سے خود کو ثابت کرنا ہوتا ہے۔ زارا نے اپنے پیشہ ورانہ سفر میں شوہر اسد صدیقی کی جانب سے ملنے والی حمایت کا بھی ذکر کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل