Thursday, October 08, 2026
 

پشاور؛ لیڈی ریڈنگ اسپتال سے اغوا نومولود بحفاظت بازیاب، خاتون گرفتار

 



لیڈی ریڈنگ اسپتال سے اغوا نومولود کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا، جب کہ ملوث خاتون  کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پشاور کے سب سے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والا نومولود پولیس نے پبی کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرالیا، جبکہ واقعے میں ملوث مبینہ خاتون کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر سے تعلق رکھنے والے حشمت خان کا نومولود بچہ گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ اسپتال کے گائنی وارڈ سے مبینہ طور پر ایک خاتون اٹھا کر لے گئی تھی۔ بچے کے اچانک غائب ہونے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ واقعے کے بعد اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھنے لگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ خان رازق شہید کی پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں اور بچے کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپا مار کارروائیاں کیں۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران مبینہ طور پر اغوا کیے گئے نومولود کو پبی کے علاقے سے بحفاظت برآمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث مبینہ خاتون کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے ابھی تک واقعے اور خاتون کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں۔ واقعے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال کے گائنی وارڈ سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ نومولود بچے کو اسپتال سے باہر کیسے لے جایا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل