Thursday, October 08, 2026
 

چھوٹی و درمیانی صنعتوں کیلئے طویل المدتی قرض کی شرح سالانہ 2 فیصد کرنے کا مطالبہ

 



چھوٹی صنعتوں کی بقا کے لیے فیڈریشن آف بلوچستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن (فباٹی) نے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط ارسال کردیا، جس میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے طویل المدتی قرض کی شرح سالانہ 2 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ صدر فباٹی رضا حسین نے کہا کہ اسٹیٹ بینک چھوٹی صنعتوں کی بحالی کے لیے فکسڈ ریٹ فنانسنگ اسکیم متعارف کرائے۔ چھوٹی صنعتوں کو کاروبار کے لیے کائیبور پر 2 فیصد کی شرح پر قرض فراہم کیا جارہا ہے، جبکہ بینکوں سے ملنے والے مہنگے قرضوں کے باعث مشینری خریدنا اور صنعتی پیداوار بڑھانا مشکل ہوگیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چھوٹی صنعتیں بلند شرح سود، توانائی کے ٹیرف اور بڑھتے ہوئے محصولات کے باعث مسلسل دباؤ کا شکار ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک چھوٹی صنعتوں کے لیے خصوصی فنانس اسکیم کا جامع اور دیرپا منصوبہ تیار کریں۔ رضا حسین نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک برآمد کنندگان کی طرح چھوٹی صنعتوں کو بھی کم شرح پر فنانسنگ فراہم کریں۔ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتی بندش میں اضافہ بے روزگاری کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔ فباٹی کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی ایس ایم ای پالیسی کے حوالے سے خط ارسال کیا گیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل