Thursday, October 08, 2026
 

کراچی؛ جناح اسپتال میں 3 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج

 



جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کے ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ایک بار پھر احتجاج پر مجبور ہوگئے۔ ڈاکٹرز نے او پی ڈی کمپلیکس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، اس کے باوجود ڈاکٹرز مسلسل اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ اور حکومت نے ہمیں فٹبال سمجھ لیا ہے، انتظامیہ کہتی ہے حکومت سے پوچھیں کہ تنخواہ کیوں نہیں آئی جبکہ حکومت سندھ کہتی ہے اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ ینگ ڈاکٹرز نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ چند روز میں تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور ایڈمن بلاک سمیت سڑکوں پر بھی احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ زیر التوا تنخواہیں مکمل طور پر بحال کی جائیں، چاہے معاملہ حکومت سندھ کا ہو یا اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ (AG Sindh) کا، متعلقہ حکام اس مسئلے کو فوری حل کریں۔ ینگ ڈاکٹرز نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 2020 سے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، اس لیے تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر اس سے قبل محکمہ صحت سندھ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اسپتال انتظامیہ کی کسی انتظامی غفلت کے باعث نہیں ہوئی بلکہ نئے ڈائریکٹ پیمنٹ پالیسی کے نفاذ اور اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں وینڈر اکاؤنٹس کھولنے کے لیے درکار طریقہ کار کے باعث ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ہاؤس آفیسرز کی تنخواہیں اسپتال کے ذریعے چیک کی صورت میں دینے کے بجائے براہِ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جانی ہیں، جس کے لیے وینڈر اکاؤنٹس کھولنے سمیت اضافی دستاویزات اور ڈیٹا درکار تھا۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ تمام اسپتال انتظامیہ نے مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ فارم، ہاؤس آفیسرز کے شناختی کارڈز کی نقول اور سابقہ چیکس کی تفصیلات اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں جمع کرادی تھیں، تاہم نئے ادائیگی کے نظام کے تحت مزید دستاویزات اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ضرورت پیش آنے کے باعث عمل کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا تھا کہ وینڈر اکاؤنٹس کھولنے کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور ہاؤس آفیسرز کی رکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی جلد متوقع ہے، جبکہ ہاؤس آفیسرز کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جارہا ہے۔ تاہم ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 3 ماہ گزرنے کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ برقرار ہے اور اب مزید انتظار ممکن نہیں، حکومت اور متعلقہ حکام فوری طور پر تنخواہیں جاری کرنے کے ساتھ 2020 سے زیرِ التوا تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ بھی پورا کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل