Thursday, October 08, 2026
 

سندھ اور ترکیہ کے درمیان تعلیم، صحت، ثقافت اور آفات سے نمٹنے میں تعاون پر اتفاق

 



وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ترکیہ کے درمیان تعلیم، صحت، ثقافت اور آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سندھ میں ٹیکا کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم، صحت، ڈیجیٹل تبدیلی اور انسانی وسائل کی ترقی پر کام کررہی ہے، ترکیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سندھ ترکیہ کے تعلیمی جدت اور مہارتوں کی ترقی کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ ٹیکا حکام نے سندھ میں صاف پانی، روزگار اور آفات سے نمٹنے کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ عمرکوٹ اور پنو عاقل میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کیے گئے ہیں، جن سے روزانہ تقریباً 20 ہزار افراد کو صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں ٹیکا کے کراچی رکشہ روزگار پروگرام، ریسکیو اہلکاروں کی تربیت اور جدید ریسکیو آلات کی فراہمی سمیت دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے بتایا کہ سندھ کے 378 کالجز میں 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ 200 سے زائد کالجز میں بی ایس ڈگری پروگرام شروع کیے جاچکے ہیں۔ ڈیجیٹل لرننگ، ادارہ جاتی ترقی اور فیکلٹی کی استعداد بڑھانے میں ترکیہ کے تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر ثقافت نے سندھ کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، تاریخی مقامات کی بحالی اور ثقافتی تبادلوں سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ کراچی میں صحت، شہری سہولیات اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ٹیکا کے ڈپٹی صدر ڈاکٹر علی ارجان نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں، مزید ایسے شعبے تلاش کیے جائیں گے جن سے عوام کو براہ راست فائدہ ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ اور ترکیہ کے درمیان ترقیاتی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکا کے ساتھ تعاون میں اضافے سے صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح مزید مضبوط ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل