Loading
کے پی میں گورنر راج کے نفاذ کے ساتھ ہی صوبے کے انتظامی، مالیاتی اور قانونی امور کو چلانے کے لیے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی خصوصی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی ہے۔
گورنر کی خصوصی ایڈوائزری کونسل میں ملک کی اہم انتظامی، معاشی، قانونی، سیاسی اور طبی شخصیات کوشامل کیا گیا ہے۔
کونسل میں دو سابق چیئرمین ایف بی آر، سابق سینیٹر، سابق ایڈووکیٹ جنرل، سابق آئی جی اور پاک فوج کی سابق سرجن جنرل شامل ہیں۔ ایڈوائزری کونسل میں مالیات، توانائی، معدنیات، قانون، صنعت، داخلہ، اطلاعات، تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں کے ماہرین کو نمائندگی دی گئی ہے۔
ڈاکٹر سید عامر عبداللہ
مشاورتی کونسل میں ڈاکٹر سید عامر عبداللہ تعلیم کے امور دیکھیں گے۔ ڈاکٹر سید عامر عبداللہ سابق نگران وزیر صنعت و تجارت اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے کنسلٹنٹ رہ چکے ہیں۔
طارق محمود پاشا
سابق چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا ایڈوائزری کونسل میں مالیات، ریونیو، ایکسائز اور ٹیکسیشن کے امور دیکھیں گے۔ طارق محمود پاشا وزیراعظم کے سابق معاونِ خصوصی برائے ریونیو اور سابق سیکریٹری اقتصادی امور بھی رہ چکے ہیں۔
عثمان سیف اللہ خان
سابق سینیٹر عثمان سیف اللہ خان ایڈوائزری کونسل میں توانائی، بجلی، منصوبہ بندی اور ترقی کے امور دیکھیں گے۔ عثمان سیف اللہ خان پاکستان اسٹیٹ آئل کے سابق بورڈ ممبر اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین رہ چکے ہیں۔
عامر جاوید
عامر جاوید سابق ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل میں قانون اور پارلیمانی امور دیکھیں گے۔ عامر جاوید آئینی معاملات، حکومتی قانونی مشاورت اور اعلیٰ عدالتوں میں سرکاری مقدمات کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ثمر ہارون بلور
ایڈوائزری کونسل میں اطلاعات و نشریات کے امور ثمر ہارون بلور دیکھیں گی۔ وہ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کی سابق صوبائی سیکریٹری اطلاعات رہ چکی ہیں۔ وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
ڈاکٹر محمد ارشاد
سابق چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد ایڈوائزری کونسل میں صنعت و تجارت کے امور دیکھیں گے۔ ڈاکٹر محمد ارشاد 2017ء میں چیئرمین ایف بی آر رہ چکے ہیں، ٹیکس انتظامیہ اور ادارہ جاتی اصلاحات کا تجربہ رکھتے ہیں۔
مولانا محمد طیب قریشی
چیف خطیب خیبر پختونخوا مولانا محمد طیب قریشی ایڈوائزری کونسل میں اوقاف اور مذہبی امور دیکھیں گے۔ مولانا محمد طیب قریشی جامعہ اشرفیہ پشاور کے پرنسپل اور تمغۂ امتیاز یافتہ مذہبی اسکالر ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر
پاک فوج کی سابق سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر خان ایڈوائزری کونسل میں صحت کے امور دیکھیں گی۔ نگار جوہر خان پاک فوج کی پہلی خاتون تھری اسٹار جنرل، ہلالِ امتیاز ملٹری اور تمغۂ امتیاز ملٹری حاصل کر چکی ہیں۔ نگار جوہر خان اسپتالوں کے انتظام، طبی سہولیات اور صحت کے ہنگامی امور کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ کووڈ-19 کی وبا کے دوران ہسپتالوں میں طبی سہولیات، حفاظتی انتظامات اور ویکسینیشن سے متعلق اقدامات میں اہم کردار ادا کیا۔
کفایت اللہ خان
سابق آئی جی جیل خانہ جات کفایت اللہ خان ایڈوائزری کونسل میں داخلہ اور قبائلی امور دیکھیں گے۔ کفایت اللہ خان سابق چیئرمین فاٹا ٹربیونل اور خیبر پختونخوا کے مختلف ڈویژنز میں کمشنر رہ چکے ہیں۔ کفایت اللہ خان صوبائی انتظامیہ، قبائلی امور اور داخلی نظم و نسق کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر سرفراز علی شاہ
معاشیات میں پی ایچ ڈی کے حامل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ ایڈوائزری کونسل میں معدنیات اور کان کنی کے امور دیکھیں گے۔ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کے دور میں منصوبہ بندی و ترقی اور مواصلات و تعمیرات کے مشیر رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ برطانیہ کے افورڈ بزنس کلب سے بطور کنسلٹنٹ وابستہ ہیں۔
آصف رفیق آفریدی
سابق نگران صوبائی وزیر آصف رفیق آفریدی ایڈوائزری کونسل میں مواصلات و تعمیرات، بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے امور دیکھیں گے۔ آصف رفیق آفریدی خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ میں زراعت، لائیو اسٹاک، خوراک اور ماحولیات کے شعبوں کے وزیر رہ چکے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا کی سربراہی میں خصوصی ایڈوائزری کونسل صوبے کے اہم انتظامی، معاشی اور ترقیاتی معاملات پر مشاورت فراہم کرے گی۔ ایڈوائزری کونسل کا متوقع کردار مختلف شعبوں میں اصلاحات اور عوامی خدمات کی بہتری سے متعلق تجاویز پیش کرنا ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل