Tuesday, October 13, 2026
 

کراچی: کالعدم بی ایل اے اور سندھ ریولشنری آرمی کے 4 دہشت گرد گرفتار

 



سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں 3 کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ایک کا تعلق سندھ ریولشنری آرمی ( ایس آر اے) سے ہے، ملزمان کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی حساس ادارے کو اطلاع موصول  ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے 3 تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں موجود ہیں جس پر مشترکہ ٹیم نے ابوالحسن اصفہانی روڈ بلاک 4 کے قریب واقع ایک پبلک پارک پر اُس وقت کامیاب چھاپہ مارکارروائی کی جب دہشت گرد اکٹھے ہوکر کاروائی کے لئے جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار دہشت گرد اپنے تنظیمی کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اورہینڈ گرنیڈ کے ذریعہ شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے دفتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشت گرد صوبہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، فرنٹئیر کور (ایف سی)  اور کسٹمز کی موبائل گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں، ملزمان سے تین دستی بم اور ایک 30 بور پستول بمع میگزین برآمد ہوئی، گرفتار دہشت گردوں میں غلام یاسین ولد رئیس وزیر، آفتاب احمد ولد غلام مصطفی، شعیب ولد عبدالحئی شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ ٹیم نے دوسری کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی کالعدم دہشت گرد تنظیم ’سندھ ریولشنری آرمی‘ ( ایس آر اے) سے وابستہ دہشت گرد  آصف علی عرف آصف سندھی ولد عاشق علی چاچڑ کو کورنگی کازوے ندی کے قریب کارروائی کے دوران گرفتار کیا جس کے قبضہ سے ایک عدد دستی بم برآمد کیا۔  ابتدائی تفتیش میں گرفتار دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک غیر ملکی شہری، DSP پولیس اور ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی ریکی مکمل کی ہوئی تھی، ملزم اپنے تنظیمی کمانڈر کی ہدایات پر کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل