Loading
بھارتی گلوکار کمار سانو اپنی دیرینہ ساتھی گلوکارہ الکا یاگنک کی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے الکا کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ دوبارہ صحت مند ہوکر گائیکی کی دنیا میں واپس آئیں گی اور مداحوں کو ان کی جادوئی آواز سننے کا موقع ملے گا۔
یہ جذباتی لمحہ موسیقی کے پروگرام ’سا رے گا ما پا 2026‘ کی آئندہ قسط میں دکھایا جائے گا، جس میں کمار سانو کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ پروگرام کے دوران مقابلے میں شریک گلوکارہ گیتاشری کی پرفارمنس نے کمار سانو کو الکا یاگنک کے ساتھ ریکارڈ کیے گئے رومانوی گیتوں اور اسٹوڈیو میں گزرے لمحات کی یاد دلا دی۔
کمار سانو نے اپنے اس موسیقی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ الکا یاگنک کی طبیعت ناساز ہونے کی خبر انہیں بہت جذباتی کردیتی ہے۔ ان کے مطابق، ان کے کیریئر کے کئی مقبول رومانوی گیت الکا کے ساتھ ریکارڈ ہوئے اور بطور گلوکارہ ان کی صلاحیتوں کو کسی تعارف کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دل سے دعا کرتے ہیں کہ الکا جلد صحت یاب ہوں اور دوبارہ سب کے سامنے آکر گائیں۔ گیتاشری کی پرفارمنس نے انہیں ان دنوں کی یاد دلا دی جب دونوں گلوکار اسٹوڈیو میں ساتھ کام کرتے اور خوبصورت موسیقی تخلیق کرتے تھے۔ اسی دوران کمار سانو نے اپنے ساتھی فنکارہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے ساتھ گائے گئے گیت کی چند سطریں بھی پیش کیں۔
کمار سانو اور الکا یاگنک ہندی فلموں کے لیے 500 سے زیادہ دوگانے ریکارڈ کرچکے ہیں۔ ان کی جوڑی بالی وڈ کی مقبول ترین پلے بیک سنگنگ جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے اور دونوں نے کئی یادگار رومانوی گیتوں کے ذریعے سامعین کے دلوں میں جگہ بنائی۔
الکا یاگنک کو سماعت کا نایاب عارضہ
الکا یاگنک نے دو سال قبل سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ ایک پرواز سے اترنے کے بعد اچانک انہیں سنائی دینا بند ہوگیا تھا۔ انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے، اسی وجہ سے وہ کچھ عرصے تک عوامی تقریبات سے بھی دور رہیں۔
گلوکارہ کے مطابق، ڈاکٹروں نے انہیں حسی اعصاب سے متعلق سماعت کی کمی کی ایک نایاب قسم کی تشخیص بتائی تھی، جسے انہوں نے وائرل انفیکشن سے منسوب کیا۔ الکا نے اس موقع پر لوگوں کو تیز آوازوں کے مسلسل سامنا کرنے کے ممکنہ خطرات کے بارے میں بھی خبردار کیا تھا۔
جون میں الکا یاگنک کو بھارت کے اعلیٰ شہری اعزازات میں شمار ہونے والا ’پدم بھوشن‘ دیا گیا۔ صدر دروپدی مرمو نے نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں انہیں یہ اعزاز پیش کیا۔
اس اعزاز پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے الکا نے کہا کہ یہ ان کے لیے عاجزی اور فخر کا لمحہ ہے۔ ان کے مطابق، اگرچہ اعزاز پر ان کا نام درج ہے، لیکن اس میں ان تمام سامعین کا بھی حصہ ہے جنہوں نے ان کی آواز کو اپنی زندگیوں میں جگہ دی، ان کے گیت نسل در نسل آگے پہنچائے اور مشکل و کامیابی کے دونوں ادوار میں ان کا ساتھ دیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل