Loading
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شنگھائی الیکٹرک گروپ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں قابلِ تجدید توانائی، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، پانی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شنگھائی الیکٹرک کو صوبے میں تعاون کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں منصوبوں کی نشاندہی کرنے کی دعوت دی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں شمسی اور ہوائی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سندھ حکومت صاف توانائی کے منصوبوں میں چینی مہارت اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت قابلِ تجدید توانائی میں چینی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے اور چینی ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور انجینئرنگ مہارت کو صوبے کے قدرتی وسائل سے مربوط کرنا چاہتی ہے۔
شنگھائی الیکٹرک کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو گروپ کے کاروباری شعبوں اور بین الاقوامی آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد کے مطابق شنگھائی الیکٹرک بجلی، قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ، صنعتی آلات، بجلی کی ترسیل و تقسیم اور انجینئرنگ خدمات کے شعبوں میں کام کرتی ہے۔ کمپنی کو شمسی، ہوائی، ہائیڈروجن اور توانائی ذخیرہ کرنے والی ٹیکنالوجیز میں بھی مہارت حاصل ہے، جبکہ بڑے پیمانے پر توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے مکمل کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شنگھائی الیکٹرک کی ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے انہیں ڈی سیلینیشن منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیبئی میں کمپنی کا ایک بڑا ہائبرڈ ڈی سیلینیشن منصوبہ قائم ہے، جس میں روزانہ 75 ہزار ٹن پانی صاف کرنے والا ریورس اوسموسس نظام اور روزانہ 25 ہزار ٹن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھنے والا ایم ای ڈی پلانٹ شامل ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے ساحلی شہر کراچی اور پانی کی قلت والے دیگر علاقے ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ سندھ کی طویل ساحلی پٹی پانی کے متبادل ذرائع کی فراہمی کے لیے اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے شنگھائی الیکٹرک کو صوبے میں جدید ڈی سیلینیشن حل متعارف کرانے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں شمسی اور ہوائی توانائی کی نمایاں صلاحیت موجود ہے اور چینی کمپنیاں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ سندھ جدید توانائی ذخیرہ کرنے کے حل اور ٹیکنالوجیز میں بھی دلچسپی رکھتا ہے، جبکہ جدید ترسیلی و تقسیمی نظام سے صوبے کے توانائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت توانائی کے منصوبوں کے مواقع موجود ہیں۔ صنعتی ترقی کے لیے قابلِ اعتماد توانائی اور پانی کا بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے، اسی لیے سندھ حکومت نئی صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے توانائی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صاف توانائی، ڈی سیلینیشن اور جدید ٹیکنالوجی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے شنگھائی الیکٹرک اور سندھ حکومت کے درمیان مسلسل رابطے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت چینی کمپنیوں کو سندھ میں منصوبے قائم کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے قابلِ تجدید توانائی، ڈی سیلینیشن، بجلی اور ماحولیات کے شعبوں میں شنگھائی الیکٹرک کے ساتھ عملی تعاون کی امید بھی ظاہر کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل