Loading
نارتھ ناظم آباد قلندریہ چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں شہریوں سے موبائل فون چھیننے والے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہِ نور جہاں پولیس نے ہفتے کے الصبح نارتھ ناظم آباد بلاک جے قلندریہ چوک کے قریب مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا ، مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں۔
مارے جانے والے دونوں ڈاکو بنارس کے رہائشی تھے جن کی شناخت ذیشان خان عرف گران ولد لطیف خان اور سعود عرف لالی ولد عبدالودود کے ناموں سے کی گئیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر ہلاک ڈاکوؤں کے ورثا عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ایس ایچ او شارع نورجہاں انسپکٹر افتخار خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے دو پستولیں بمع گولیاں، چھینے گئے 5 موبائل فونز اور نئے ماڈل کی سرخ رنگ کی 125 موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً سوا سات بجے موٹرسائیکل سوار دو ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل اور موٹرسائیکل سوار اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان موقع پر مارے گئے۔
ملزمان نے شارع نور جہاں پر چار مختلف شہریوں سے موبائل فونز ، کیش رقم اور بیگ چھیپا تھا، مثاثرہ شہری بھی ڈاکوؤں کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر تھانے پہنچ گئے اور مارے جانے والے ملزمان کو شناخت کر لیا، پولیس نے متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں چار مقدمات درج کر لیے۔
کرائم ریکارڈ کے مطابق مارے جانے والے ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ وہ پولیس مقابلوں اور ڈکیتی سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل