Monday, October 19, 2026
 

مانچسٹر سٹی کے سابق کوچ کی غزہ میں انسانی بحران پر اسرائیلی حکومت پر سخت تنقید

 



مانچسٹر سٹی کے سابق کوچ پیپ گارڈیولا نے غزہ میں فلسطینیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی حمایت میں جاری ایک ویڈیو پیغام میں عالمی برادری سے فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھنے کی اپیل کی۔ تین منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو میں گارڈیولا نے بالخصوص بچوں کی مشکلات اور جنگ کے انسانی اثرات کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد محض اعداد و شمار نہیں بلکہ نام، خاندان، خواب اور یادیں رکھنے والے انسان تھے۔ اسپینش کوچ نے ملبے تلے والدین کو تلاش کرتے بچوں، بھوک اور بنیادی ضروریات سے محروم خاندانوں کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی تکلیف کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ https://x.com/UNRWAes/status/2111887536360665244?s=20 گارڈیولا نے اسرائیلی حکومت پر غزہ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں 74 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے عالمی برادری سے یو این آر ڈبلیو اے کی مالی معاونت کرنے کی اپیل کی تاکہ ضرورت مند فلسطینیوں تک امداد پہنچائی جاسکے۔ واضح رہے کہ گارڈیولا اس سے قبل بھی غزہ کی صورتحال پر آواز اٹھا چکے ہیں اور فلسطینیوں کے لیے انصاف اور امن کی حمایت کرچکے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل