Loading
پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں سہیل آفریدی کی مبینہ حراست کا معاملہ اٹھاتے ہوئے تحریک التوا اسپیکر کو جمع کروادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے تحریک التوااسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروا ئی جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی کی مبینہ حراست پر بحث کرانے کی درخواست کی گئی ہے۔
تحریک التوا میں چھ ارکان قومی اسمبلی امجد علی خان، جنید اکبر، فضل محمد خان، زبیر خان، حاجی امتیاز احمد چوہدری اور نسیم علی شاہ کی حراست پر بھی بھث کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کی مبینہ حراست جمہوری اداروں کے امور اور عوامی نمائندگی سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتی ہے، منتخب نمائندوں کے آئینی حقوق اور پارلیمانی استحقاق کے تحفظ کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے۔
اپوزیشن نے مبینہ حراستوں کے حالات و واقعات پر ایوان میں فوری بحث کا مطالبہ بھی کیا اور معاملے پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی درخواست کی۔
ملک محمد عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط 2007 کے رول 109 اور 110 کے تحت تحریک التوا اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروادی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم نے بار بار درخواست کی ہے بتایا جائے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، 6، 7 اراکین قومی اسمبلی کہاں ہیں، وہ زندہ بھی ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے اٹھا لیا لیکن اُن کے بارے میں بتایا جائے، جو پارلیمنٹ کا ممبر ہے اس کا پروڈکشن آرڈر کرانا اور اسکا دفاع کرنا آپ کا حق ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کل سے فرانس میں لاکھوں لوگ مہنگائی کے خلاف نکلے ہیں ابھی تک ایک گولی نہیں چلی جبکہ پی ٹی آئی نے احتجاج کیا تو 200 لوگ مار دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جو قوانین بنانے ہیں بنالے ہمیں کچھ نہیں چاہیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل