Tuesday, October 20, 2026
 

اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت کو ارسال

 



اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں  ہوئی جس میں متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ سیکشن افسر وزارت داخلہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ ابھی تک متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کوئی پالیسی نہیں بنی ہے ۔ پالیسی بننے کے بعد اسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو معاوضے کی ادائیگی کی پالیسی جلد مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھیجنے کا حکم دیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت تک پہنچ گیا، چلیں کچھ تو ہوا، اس میں سب کا بھلا ہو جائے گا اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا پیکج بن جائے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھیج کر کہیں کہ وہ اس کو کابینہ میں رکھیں اور آپ اس معاملے کو فالو کریں اور سیکرٹری کابینہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ سماعت میں درخواست گزار کے وکلا تصدق حنیف، بلال مغل اور چوہدری نجم الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔ بعد ازاں عدالت نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل