Sunday, October 25, 2026
 

وسط مدتی انتخابات، ٹرمپ نے قبل از وقت ووٹ کاسٹ کر دیا

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے لیے ریاست فلوریڈا میں قبل از وقت ووٹ ڈال دیا جہاں ان کی ریپبلکن پارٹی کو کانگریس میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ ویسٹ پام بیچ میں قائم انتخابی دفتر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی جماعت کے امیدواروں کو ووٹ دیا ہے۔ اس کے بعد وہ ریاست جارجیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کے لیے روانہ ہوگئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے امریکا میں بدعنوانی کے معاملے پر ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ کرپشن کا اصل مسئلہ ڈیموکریٹس کے زیر انتظام شہروں اور اضلاع میں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے 2020 کے صدارتی انتخابات سے متعلق اپنے پرانے دعوے بھی دہرائے اور ایک بار پھر کہا کہ وہ انتخابات جیتے تھے، تاہم ان کے اس دعوے کی تائید میں کوئی معتبر ثبوت سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ 2020 کے انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کامیاب ہوئے تھے۔ امریکی انتخابات میں اب چند روز باقی رہ گئے ہیں اور مختلف عوامی جائزوں کے مطابق ریپبلکن پارٹی کو ایوان نمائندگان میں اکثریت کھونے کا خطرہ ہے، جبکہ سینیٹ میں بھی اس کی پوزیشن غیر یقینی بتائی جارہی ہے۔ کانگریس میں اکثریت کھونے کی صورت میں ٹرمپ کے لیے اپنے سیاسی اور قانون سازی کے ایجنڈے پر عمل درآمد مشکل ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب ڈیموکریٹس نے عندیہ دیا ہے کہ اکثریت ملنے پر وہ صدر اور ان کے قریبی حلقے کے کاروباری معاملات کی تحقیقات بھی کرسکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل