Tuesday, October 27, 2026
 

مجرم کتنا ہی طاقتور اور پیسے والا کیوں نہ ہو قانون کے ہاتھ اسکے گریبان تک پہنچیں گے، مریم نواز

 



وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سفارش کا زمانہ چلا گیا، کوئی مجرم کتنا ہی طاقتور اور پیسے والا کیوں نہ ہو قانون کے ہاتھ اسکے گریبان تک پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے منڈی بہاء الدین کی یونیورسٹی آف رسول میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالر شپ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی امیر زادہ یا اثر رسوخ رکھنے والا عوام پر ہاتھ اٹھائے گا تو قانون اسکو نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو تکلیف پہنچانے والوں کو میرا پیغام ہے کہ جرم کی دنیا چھوڑدو ورنہ مجھ سے کوئی شکوہ نہ کرنا۔ لوگ عدالت سے ضمانت لیکر آجاتے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملوں گی کہ کم از کم مجرم کو اتنی سزا تو دیں کہ کل وہ باہر نکلے تو شرمندگی محسوس کرے، پیٹرول پمپ پر تشدد کرنے والے ملزم کو اگلے ہی دن عدالت سے ضمانت مل گئی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کسی کو میرٹ کیخلاف کوئی چیز ملی ہو، پنجاب میں ہر تالا ایک ہی چابی سے کھلتا ہے جس کا نام ہے سو فیصد میرٹ، کوئی مجرم چاہے میری جماعت سے ہی کیوں نہ ہو اسکو نہیں چھوڑوں گی۔ پنجاب اب مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، امن و امان کی صورتحال پر بچیوں کو حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے کا واقعہ میری آنکھوں سے نہیں جاتا، بائیک سوار خاتون پر تشدد کے معاملے پر بچی کو کہا جتنے تھپڑ اس نے تمہیں مارے تم بھی اتنے ہی مارو، پیٹرول پمپ والے واقعے میں بھی ایسا ہی کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کو لیپ ٹائپ، الیکٹرک بس، کروم بک اور اسکالر شپ سب دیں گے، میرا بس نہیں چلتا کہ بچوں کو چاند اور ستارے لاکر دے دوں بدلے میں مجھے صرف ایک چیز چاہئے کہ آپ پاکستان سے وفا کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ضلع منڈی بہاؤالدین میں کالجز اور جامعات کے طلبہ و طالبات میں ہونہار اسکالر شپ کے چیک اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا منڈی بہاوالدین پہنچنے پر جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا، شہریوں نے مریم نواز کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے اور خوشی سے ناچتے رہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل