Loading
پشتو موسیقی اور اسٹیج کے شہنشاہ گلوکار حاجی گلریز تبسم طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ وہ پشتو موسیقی اور اسٹیج کے نامور اور مقبول ترین گلوکار تھے۔
حاجی گلریز تبسم کو اپنے دور میں پشتو موسیقی اور اسٹیج کا بڑا نام مانا جاتا تھا۔ انہوں نے کئی یادگار پشتو فلمی گیت اور غزلیں گائیں اور اسٹیج شوز میں پرفارمنس دی۔ ان کے مشہور گیتوں میں ”زہ پہ برہ زما“ اور ”دا سور سالونا“ جیسے مقبول گانے شامل ہیں، وہ روایتی پشتو ”ٹپے“ اور اسٹیج گلوکاری کےلیے بھی خاصے معروف تھے۔
حاجی گلریز پچھلے کچھ عرصہ سے عملی طور پر شوبز کی دنیا سے دور ہوچکے تھے۔ ان کی نماز جنازہ گذشتہ شب کاکا خیل ٹاؤن نمبر 1 رنگ روڈ پشاور میں ادا کی گئی اور آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم مہابت خان کے فرزند تھے، دیگر سوگواران میں فیض تبسم، بختیار، باروز، جہانزیب، سمیر اور کمال شامل ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشتو موسیقی کے معروف گلوکار گلریز تبسم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کےلیے صبر و استقامت کی دعا کی ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گلریز تبسم کے انتقال سے پشتو موسیقی ایک ممتاز فنکار سے محروم ہوگئی ہے، ان کی فنی خدمات اور پشتو موسیقی کےلیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل