Saturday, October 31, 2026
 

نوشہرہ: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ شدید زخمی

 



نوشہرہ کے علاقہ پناکوٹ چراٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم شدید زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ کے علاقہ پناکوٹ چراٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال پہنچا دیا گیا، مانسہرہ میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر فاتحہ خوانی کے لیے آپنے گاوں آئے تھے۔ ایس ایچ او علاقہ جلوزئی حنیف خان بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے نوشہرہ کے علاقے پناکوٹ، تحصیل پبی میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ثمر ہارون بلور نے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے زخمی افسر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ثمر ہارون بلور نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات اور اس میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ریسکیو 1122 نوشہرہ کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور طبی امداد قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سرکاری ملازمین کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل