Saturday, October 31, 2026
 

کراچی؛ جناح اسپتال میں بجلی کی خرابی سے مریضوں کی اموات کی تردید

 



جناح اسپتال کی جانب سے  بجلی کی خرابی کے باعث مریضوں کی اموات سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی گئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر خالد شیر نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ مریضوں کی اموات بجلی کی بندش کے باعث نہیں ہوئیں۔  انتقال کرنے والے مریض پہلے ہی شدید بیمار تھے اور ان کی حالت تشویشناک تھی۔ مریضوں کی اموات کا ان کی بنیادی طبی پیچیدگیوں سے تعلق تھا۔ پروفیسر خالد شیر نے کہا کہ کسی مریض کی موت کو بجلی کی خرابی سے جوڑنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں بجلی کے اوورلوڈ کے باعث کیبل میں خرابی کا عارضی تکنیکی مسئلہ سامنے آیا تھا۔ متعلقہ تکنیکی ٹیموں نے خرابی کی نشاندہی کرکے مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال کے مطابق جے پی ایم سی مکمل طور پر فعال ہے اور اسپتال میں بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ضروری طبی خدمات کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے جنریٹر بیک اپ موجود ہے، یہ انتظامات مریضوں کی بلا تعطل دیکھ بھال یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل