Loading
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان حتمی مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واٹس ایپ پر رابطہ کرکے مذاکرات کے لیے 3 نومبر کی تاریخ سے آگاہ کیا اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ اجلاس کے انعقاد کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد پیٹرول لیوی کا بتدریج خاتمہ اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانا ہے، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ لانگ مارچ سے قبل کوئٹہ، میرپورخاص، بہاولپور، مانسہرہ اور سرگودھا میں عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے اور لانگ مارچ کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل