Saturday, October 31, 2026
 

ٹرائی سیریز جیتنے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم سے امیدیں باندھ لیں

 



سہ ملکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں شاندار فتح پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فتح کا سلسلہ ایسے ہی جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے فخر زمان، عرفان منہاس اور سعد بیگ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ قومی ٹیم کی سیریز میں فتح پر پی سی بی چیئرمیں محسن نقوی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ویلڈن گرین شرٹس، ویلڈن فخر زمان لکھا اور ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل جیتنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ میں پاکستانی پلئیرز نے سری لنکا کو آوٹ کلاس کرکے جیت اپنے نام کی،  فخر زمان، عرفات منہاس اور سعد بیگ کی جارحانہ بیٹنگ نے فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ  کرکٹرز نے  بہترین ٹیم ورک اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ثابت کیا ہے کہ  جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ کھیلنے سے کامیابی ملتی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے لکھا کہ  ٹیم نے بہترین نظم و ضبط اور کمال مہارت کا مظاہرہ کیا ہے، یہ کامیابی پلئیرز اور مینجمنٹ کی سخت محنت کا نتیجہ ہے اور ​امید ہے کہ ٹیم اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی کامیابیاں سمیٹے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، محنت اور ٹیم ورک سے کامیابی حاصل کی۔ صدر مملکت کی تین ملکی ون ڈے سیریز میں شریک تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو تین ملکی سیریز کے کامیاب انعقاد اور قومی ٹیم کی فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ  قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت ہے۔  اس کے علاوہ گورنر کے پی، وزیر اعلیٰ سندھ، پی پی رہنما شیری رحمان سمیت دیگر نے بھی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم اور کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل