Loading
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حتمی مذاکرات تین نومبر کو ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تین نومبر کو بات چیت کیلیے مدعو کیا۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پرنافذ لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان حتمی مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ان سے واٹس ایپ پر رابطہ کرکے مذاکرات کے لیے 3 نومبر کی تاریخ سے آگاہ کیا، جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ اجلاس کے انعقاد کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد پیٹرول لیوی کا بتدریج خاتمہ اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانا ہے۔ حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ لانگ مارچ سے قبل کوئٹہ، میرپورخاص، بہاولپور، مانسہرہ اور سرگودھا میں عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ لانگ مارچ کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی لیاقت بلوچ سے فون پر گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے تین نومبر کی میٹنگ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے مذاکرات پیٹرول لیوی کے بتدریج خاتمہ اور عوام کو ریلیف دلانے کیلئے ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل