Sunday, November 01, 2026
 

وزیراعظم نے وہی الزامات لگائے جو ان کے وزرا صبح شام ٹی وی پر دہراتے ہیں, شوکت یوسف زئی

 



سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 14 یونیورسٹیاں، بی آر ٹی اور سوات موٹروے پی ٹی آئی کے منصوبے ہیں، جبکہ ایک صحت کارڈ نظام صحت میں انقلاب ہے۔ شوکت یوسف زئی نے کہا کہ وزیراعظم نے مایوس کیا، توقع تھی کہ خیبرپختونخوا کے لیے بڑا پیکج دیں گے۔ وزیراعظم نے دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے جو وعدے کیے تھے، وہ کہاں ہیں؟ وزیراعظم نے وہی الزامات لگائے جو ان کے وزرا صبح شام ٹی وی پر دہراتے ہیں۔ احتساب کرنا ہے تو بسم اللہ کریں، صرف الزامات نہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس بی آر ٹی کو کرپشن کا شاہکار کہا جاتا تھا، اس نے دو بین الاقوامی ایوارڈ جیتے۔ اگر پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا تو عوام اسے ووٹ کیوں دیتی ہے؟ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں اور اس کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے خوشحالی نہیں آتی۔ شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ملک کو آج مذاکرات کی جتنی ضرورت ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔ کسی کا انتظار کرنے کے بجائے پی ٹی آئی کو خود مذاکرات کرنے چاہئیں۔ سلیم اللہ سے کلیم اللہ اور کلیم اللہ سے پھر سمیع اللہ والا چکر اب ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز کا بیانیہ پی ٹی آئی کا بیانیہ نہیں ہے۔ شہزاد اکبر کیوں بھگوڑا بنا ہے، پاکستان نے اسے بہت عزت دی ہے۔ باہر بیٹھ کر فائرنگ کرنا اور مشورے دینا سب سے آسان کام ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل