Loading
کراچی پولیس نے چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اہم کارروائیاں کی گئیں، جہاں 15 ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کے 435 موبائل فونز برآمد کر لیے جبکہ 4 ملزمان کو پولیس اسٹیشن کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس کو چوری اور چھینی جانے والے موبائل فون کی ٹریسنگ میں مشکلات کا سامنا تھا، گرفتار ملزمان کئی ماہ سے موبائل فون پیچنگ اور آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کا کام کر رہے تھے۔ ملزمان سے آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کے لیے استعمال ہونے والا لیپ ٹاپ، ہارڈ ویئر اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نان پی ٹی اے موبائل فونز کو پیچنگ کرکے قابل استعمال بناتے تھے۔ گرفتار ملزمان کی مختلف موبائل مارکیٹوں میں موبائل فون مرمت کی اپنی دکانیں ہیں جبکہ کچھ ملزمان اپنے گھروں پر کام کرتے ہیں۔ موبائل فونز میں آئی فونز بھی شامل ہیں اور برآمد موبائل کی مالیت دو سے تین کروڑ روپے مالیت ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ وائٹ کالر اور ٹیکنیکل طریقے کا کام ہے، یہ اسنیچنگ سے زیادہ خطرناک کام ہے۔ گرفتار ملزمان کی تفصیلات این سی سی آئی سے بھی شیئر کی جائیں گی، ملزمان شہر سے باہر بھی موبائل فونز فروخت کرتے تھے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے حکومت سندھ اور پولیس افسران کی واضح ہدایت ہیں کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل