Tuesday, November 03, 2026
 

تشار کپور سے 5 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ، لارنس بشنوئی گینگ کا حوالہ

 



بھارتی اداکار تشار کپور کو مبینہ طور پر فون کال کے ذریعے پانچ کروڑ روپے بھتہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کال کرنے والے نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ شخص ظاہر کیا، تاہم ممبئی کرائم برانچ کی ابتدائی جانچ میں اس کی شناخت مشکوک قرار دی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فون کرنے والے نے اپنا نام ہیری باکسر بتایا، جسے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کا رکن کہا جاتا ہے۔ تشار کپور نے فوری طور پر ممبئی پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد معاملہ اینٹی ایکسٹورشن سیل اور کرائم برانچ کے حوالے کردیا گیا۔ تحقیقات کے دوران کرائم برانچ کی تکنیکی ٹیم نے دھمکی آمیز کال کی آڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا اور اسے اپنے ڈیٹا بیس میں موجود ہیری باکسر کے سرکاری آواز کے نمونوں سے ملایا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں آوازوں میں مطابقت نہیں ملی، جس کے بعد شبہ ظاہر کیا گیا کہ کال کرنے والے نے بھتہ وصول کرنے کے لیے مبینہ گینگ کے رکن کا نام استعمال کیا ہوسکتا ہے۔ ممبئی کرائم برانچ اب کال کرنے والے شخص کی شناخت اور رابطے کے اصل مقام کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تشار کپور نے تقریباً ایک ہفتہ قبل شکایت درج کرائی تھی، تاہم تاحال ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کو فائرنگ کے ایک واقعے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے کی ذمہ داری مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ افراد نے قبول کی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل