Thursday, November 05, 2026
 

ہم وطن لڑکیوں کو چھوڑ کر بھارتی سے شادی؟ امریکی پہلے مسلم سینیٹر کا دلچسپ جواب وائرل

 



امریکا کے نومنتخب پہلے مسلم سینیٹر مصری نژاد عبدالرحمان محمد السید کی اپنی بھارتی نژاد اہلیہ سے شادی کے حوالے سے ایک دلچسپ خاندانی قصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عبدالرحمان محمد السید نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا تھا کہ جب بھارتی نژدا ڈاکٹر سارہ جوکاکو سے شادی کی تو مصر سے آئے ان کے چچا نے حیرت کا اظہار کیا تھا۔ امریکا کے نو منتخب مسلم سینیٹر کے بقول ان کے چچا نے پوچھا کہ مصر میں 8 کروڑ افراد ہیں لیکن شادی کے لیے ایک بھارتی خاتون کا انتخاب کیوں کیا؟ جس پر عبدالسید نے چچا کو جواب دیا کہ بھارت میں ایک ارب افراد ہیں اس لیے اعدادوشمار کے لحاظ سے بھارتی خاتون سے شادی کا امکان زیادہ تھا۔ یہ گفتگو ’’میٹ دی ریئل عبدالسید‘‘ نامی پوڈکاسٹ میں ہوئی تھی جس کی ویڈیو رواں سال اگست میں یوٹیوب پر جاری کی گئی۔ اب اس کا مختصر حصہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دوبارہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دونوں کی شادی مئی 2006 میں ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ عبدالسید پہلے بھی اپنی اہلیہ کے خاندان اور جنوبی بھارتی ثقافت سے تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے مذاقاً کہہ چکے ہیں کہ تقریباً دو دہائیوں کی شادی کے بعد وہ خود کو عرب سے زیادہ بھارتی محسوس کرتے ہیں۔ عبدالرحمان محمد السید نے بدھ کو امریکی ریاست مشی گن سے ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر سینیٹ کی نشست جیتی اور امریکی تاریخ کے پہلے مسلمان سینیٹر منتخب ہوئے۔ ان کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ جوکاکو بھارتی نژاد امریکی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جن کے آباؤ اجداد کا تعلق کرناٹک کے ساحلی شہر بھٹکل سے ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل