Loading
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے چئیرمین حمایت اللہ مایار نے کہا کہ آرٹیکل 140(اے) معطل ہی نہیں اس بنیاد پر الیکشن ملتوی کرنا آئین اور قانون کے برعکس ہے۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد آرٹیکل 140(اے) معطل ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے جبکہ لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو آئین و قانون برعکس قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔
حمایت اللہ مایار نے کہا کہ جب ملک میں مارشل لا نافذ تھا اور آئین معطل تھا اس وقت بھی ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوئے، ایوب خان کے دور سے لے کر جنرل ضیا الحق ارو جنرل مشرف کے دور میں بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی سیاسی حکومتیں آئیں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) جمہوری جماعتیں ہونے کے باوجود بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 6 سال سے زائد ہوگئے، بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، سندھ میں بلدیاتی حکومتوں کو توسیع دے دی گئی، بلوچستان میں بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے اور اب خیبرپختونخوا میں بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
حمایت اللہ مایار نے کہا کہ ہم نے وکلا سے مشاورت کرلی ہے اور اس فیصلے کو آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل