Friday, November 06, 2026
 

اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کی گئی 61 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون لاپتا

 



اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے آف لوڈ کی گئی 61 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون کو لاپتا کیے جانے پر ایف آئی اے اور پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے ایئرپورٹ سے لاپتا پاکستانی نژاد امریکی شہری فرحانہ رفیق کی بازیابی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار بیرسٹر محمد علی عباس راجا نے عدالت کو بتایا خاتون اسلام آباد میں تنہا رہائش پذیر تھیں، ان کے شوہر اور دیگر اہل خانہ بیرون ملک مقیم ہیں، خاتون کو 5 نومبر 2026ء کو ترک ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 711 کے ذریعے اسلام آباد سے براستہ استنبول واشنگٹن ڈی سی پہنچنا تھا، وہ 5 نومبر کو رات تقریباً 3 بجے ایئرپورٹ پہنچیں تو امیگریشن کاؤنٹر پر انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا تاہم سفر سے روکنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، نہ کوئی حکم نامہ یا قانونی دستاویز دکھائی گئی۔ درخواست گزار کے مطابق خاتون کو نہیں بتایا گیا کہ ان کا نام کسی سفری پابندی کی فہرست میں شامل ہے یا ان کے خلاف کوئی مقدمہ زیر التوا ہے، خاتون کی پرواز روانہ ہوگئی لیکن حکام نے انہیں ایئرپورٹ سے باہر جانے یا گھر واپس آنے کی اجازت بھی نہیں دی، خاتون کو وارنٹ گرفتاری دکھایا نہ ہی گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ کیا نہ ہی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، 5 نومبر کو صبح 11 بجے کے بعد سے خاتون کا موبائل فون بند ہے اور ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا خدشہ ہے کہ خاتون کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کرکے غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے، ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ امیگریشن حکام نے سفری پابندی کے باعث خاتون کو آف لوڈ کیا تھا آف لوڈ کرنے کے بعد خاتون کو واپس بھیجا گیا، کدھر گئیں کوئی علم نہیں ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پولیس انکوائری کرے اور رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل