Friday, November 06, 2026
 

ٹرمپ کی پارٹی شکست کے بعد عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

 



امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد عالمی مارکیٹ میں 2020 کے بعد تیل کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران سب سے بڑی کمی کا امکان ہے۔ غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور مصالحت کی امیدوں میں اضافہ ہوا اور اس کے نتیجے میں تیل کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی جارہی ہے تاہم مشرق وسطیٰ میں بحری جہازوں پر حملے بدستور خام تیل کی قیمت کو ایک حد سے نیچے گرنے سے روک رہے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی اور مندی کے شدید اتار چڑھاؤ والے سیشن میں جنوری کے لیے برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 26 سینٹ یا 0.3 فیصد اضافے کے بعد 98.55 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت بھی 57 سینٹ یا 0.6 فیصد اضافے کے بعد 91.09 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے تجاوز کرگئی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل