Monday, November 09, 2026
 

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: عاکف جاوید کی جگہ علی رضا شاہینز اسکواڈ میں شامل

 



پاکستان نے فاسٹ بولر عاکف جاوید کے گھٹنے کی انجری کے باعث اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے لیے شاہینز اسکواڈ میں علی رضا کو شامل کرلیا۔ ذرائع کے مطابق عاکف جاوید کے ایم آر آئی اسکین میں انجری کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہیں مزید نقصان سے بچانے کے لیے ٹورنامنٹ سے دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہیں مکمل فٹنس تک کرکٹ سے دور رہنے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ بولنگ میں واپسی مرحلہ وار ہوگی۔ دوحہ، قطر میں 19 سے 29 نومبر تک ہونے والے ایونٹ میں دفاعی چیمپین پاکستان گروپ بی میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور نیپال کے ساتھ شامل ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو یو اے ای، دوسرا 22 نومبر کو بھارت اور آخری گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں دو گروپس بنائے گئے ہیں جن کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر جبکہ فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان شاہینز اسکواڈ میں عبدالصمد (کپتان)، احمد دانیال، علی رضا، دانش عزیز، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد حسنین، محمد عمران رندھاوا، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، شاہزیب خان، شمیل حسین اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل