Loading
کچھ آوازیں وقت کے ساتھ خاموش نہیں ہوتیں بلکہ یادوں میں ہمیشہ گونجتی رہتی ہیں، پاکستانی فلمی موسیقی کے نامور گلوکار اے نئیر بھی ایسی ہی آواز کے مالک تھے جنہیں مداحوں سے بچھڑے دس برس بیت گئے۔
تفصیلات کے مطابق اے نئیر کا اصل نام آرتھر نئیر تھا۔ وہ 17 ستمبر 1950 کو ساہیوال کے قریب گاؤں رانسن آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1974 میں فلم ’’بہشت‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، تاہم گلوکارہ ناہید اختر کے ساتھ گایا ہوا گیت ’’پیار تو اک دن ہونا تھا‘‘ ان کی شہرت کا اہم سنگ میل ثابت ہوا۔
1980 کی دہائی میں اے نئیر کی آواز پاکستانی فلمی موسیقی پر چھائی رہی۔ ان کے گائے ہوئے گیت فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ ان کے نغمے اداکار ندیم، شاہد اور وحید مراد سمیت کئی نامور فنکاروں پر فلمائے گئے۔
جنگل میں منگل تیرے ہی دم سے، ایک بات کہوں دلدار، ساتھی مجھے مل گیا اور دلدارا جیسے گیت آج بھی موسیقی کے شائقین میں مقبول ہیں۔
اے نئیر نے اپنے فنی سفر میں چار ہزار سے زائد فلمی گیت گائے، بہترین گلوکاری پر پانچ مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیے۔ حکومت پاکستان نے بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔
11 نومبر 2016 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اے نئیر لاہور میں انتقال کر گئے لیکن ان کی سریلی آواز اور لازوال گیت آج بھی پاکستانی فلمی موسیقی کے سنہری دور کی یاد تازہ کرتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل