Loading
لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی جانب سے طلبہ و طالبات سے من مانی فیسیں وصول کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے دیا۔
جسٹس خالد اسحاق نے نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں سے متعلق درخواستوں پر 28 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے نجی میڈیکل کالجز کی تینوں درخواستیں مسترد اور طلبہ کی 12 درخواستیں منظور کرلیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کا پی ایم ڈی سی کا اختیار قانونی قرار دے دیا۔
عدالت نے نجی میڈیکل کالجز کو فیسوں کے تعین اور وصولی میں پی ایم ڈی سی کے قواعد و ضوابط کا پابند قرار دے دیا۔ جسٹس خالد اسحاق کے فیصلے کے مطابق پی ایم ڈی سی کو نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کی نگرانی اور زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نجی میڈیکل کالجز طلبہ سے مقررہ حد سے زائد فیس وصول نہیں کرسکتے، اضافی وصول شدہ رقم واپس یا آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کرنا ہوگی۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی کے فیسوں سے متعلق تینوں نوٹیفکیشنز برقرار رکھنے کا حکم بھی دے دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ نجی میڈیکل کالجز کو فیسوں میں اضافے کا جواز اور آڈٹ شدہ مالی گوشوارے پی ایم ڈی سی کو فراہم کرنا ہوں گے۔ فیسوں کے تعین میں نجی میڈیکل کالجز کی کاروباری آزادی پی ایم ڈی سی کے قانونی ریگولیٹری اختیار سے بالاتر نہیں ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے اضافی فیسوں کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ سے متعلق طلبہ کے دعوے 30 ورکنگ دنوں میں نمٹانے کا حکم دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق طلبہ کی جانب سے اضافی فیسوں کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ کے دعووں پر متعلقہ کالجز کو کارروائی کرنا ہوگی۔
عدالت نے قرار دیا کہ طلبہ کو فیسوں سے متعلق شکایات اٹھانے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا، فیصلے کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل