Loading
وزیراعلیٰ سندھ نے 750 اسکولوں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے، کیٹی بندر کو بحری اور معاشی مرکز کے طور پر ترقی دینے، دھابیجی خصوصی معاشی زون میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں سرکاری و نجی شراکت داری پالیسی بورڈ کا 53ویں اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔
تعلیم کے شعبے سے متعلق ایک اہم فیصلے میں بورڈ نے سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ، سندھ ارلی لرننگ انہانسمنٹ تھرو کلاس روم ٹرانسفارمیشن پروگرام اور پیپلز اسکولز اقدام کے تحت دوسرے مرحلے میں 750 اسکولوں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔
اس پروگرام میں سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ کے 453 اسکول شامل ہیں جن میں 401 اضافی مالی معاونت اور 52 اصل مالی معاونت کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سلیکٹ پروگرام کے 295 اسکول اور انگریزی ذریعۂ تعلیم کے دو پیپلز اسکول بھی اس میں شامل ہیں۔
تعلیمی انتظامی ادارے ان اسکولوں کا انتظام 10 سالہ خدماتی انتظام کے معاہدوں کے تحت سنبھالیں گے، جس سے قبل تین ماہ کی تیاری کا عرصہ ہوگا۔ نجی منتظمین اساتذہ کی تنخواہوں، غیر تدریسی عملے، انتظامی اخراجات، یونیفارمز، اسٹیشنری اور دیگر ضروری خدمات کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ ان اخراجات کی مالی معاونت حکومت فراہم کرے گی۔
ان 750 اسکولوں میں مجموعی طور پر 345,940 طلبہ کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت ان میں 188,852 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اس طرح معیاری تعلیم تک رسائی بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ بورڈ نے تکنیکی اور مالیاتی جائزہ کمیٹی کے قیام اور ای پی اے ڈی ایس پلیٹ فارم کے ذریعے کھلی قومی مسابقتی بولی کا عمل شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس مقصد کے لیے معیار اور لاگت کی بنیاد پر انتخاب کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کے لیے مشترکہ منصوبے کا نظرثانی شدہ ماڈل، گھوٹکی۔کندھ کوٹ پل کے لیے 2 ارب روپے کی عبوری مالی معاونت اور کراچی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے، صنعتی سرمایہ کاری بڑھانے اور جدید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرانے کے متعدد اقدامات کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سید سردار شاہ اور جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، اراکین سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو اور قاسم سراج سومرو، معاونین خصوصی سید قاسم نوید اور محمد علی راشد، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات بورڈ نجم شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر شاہ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل