Loading
انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا نے تعلیمی اسناد پر عدالتی اعتراضات اور مواخذے کی کارروائی کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 39 سالہ جبران نے 12 نومبر کو اپنا استعفیٰ صدر پرابوو سوبیانتو اور پارلیمنٹ میں جمع کرایا جسے صدر نے قبول کرلیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نائب صدر جبران نے استعفے کی وجہ نجی مصروفیات اور انتہائی ذاتی فیصلہ قرار دیا ہے تاہم انھوں نے استعفی اپنی تعلیمی ڈگری کی ایکوویلنٹ کالعدم ہونے کے بعد دیا ہے۔
انڈونیشیا کے صدر پرابوو نے بھی اپنے نائب صدر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی مفاد میں عہدہ چھوڑا ہے۔
اسناد کا تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب انڈونیشیا کی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ قرار دیا کہ جبران کی بیرون ملک حاصل کردہ ثانوی تعلیم سے متعلق دستاویزات انتخابی اہلیت کے قانونی تقاضے پورے نہیں کرتیں۔
جبران نے سنگاپور میں تعلیم حاصل کی تھی اور 2024 کے انتخابات میں حصہ لیتے وقت اپنی تعلیمی سند کو انڈونیشیا کے ہائی اسکول کے مساوی قرار دینے والی دستاویز جمع کرائی تھی۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس مساوی سند کو کالعدم قرار دے دیا۔
معاملہ یہاں تک پہنچا کہ پارلیمنٹ کے 120 ارکان نے آٹھ جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے خلاف مواخذے کی ممکنہ کارروائی شروع کرنے کی حمایت کردی۔
واضح رہے کہ جبران 2024 میں انڈونیشیا کے کم عمر ترین نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔ اب آئین کے تحت پارلیمنٹ کو 60 روز میں نئے نائب صدر کا انتخاب کرنا ہوگا۔ وہ سابق صدر جوکو ویدودو کے صاحبزادے بھی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل