Thursday, November 12, 2026
 

ایران سے مذاکرات کی فکر چھوڑ کر ملکی معاملات پر توجہ دیں؛ ٹرمپ کی اپنے نائب کو ہدایت

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت سے انکار کرتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس کو بھی مذاکرات کے بجائے امریکا میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دینے کی ہدایت کردی۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امریکا کو اب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، وہ دن گزر چکے ہیں۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس ایران کی سیکڑوں ارب ڈالر کی رقم اور آبنائے ہرمز بھی ہے۔ صدر ٹرمپ کے بقول انھوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پوری توجہ ڈیموکریٹس کے زیرانتظام امریکی شہروں اور ریاستوں میں مبینہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور جرائم کے خلاف کارروائیوں پر مرکوز کریں۔ یاد رہے کہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس ایران کی قومی سلامتی سے وابستہ ایک اعلیٰ عہدیدار کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر غور کر رہے ہیں تاہم اس مجوزہ ملاقات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ قبل ازیں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں ایران کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کرچکے ہیں جس کے نتیجے میں جون میں جنگ روکنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت طے پائی تھی تاہم یہ کوشش چند ہفتوں بعد ناکام ہوگئی۔ ٹرمپ کے تازہ بیان سے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی کوششوں کے مستقبل پر نئے سوالات اٹھ گئے ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل