Loading
امریکی ٹیلی وژن کی مشہور سیریز ’مائیک ہیمر‘ میں جاسوس کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے معروف اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسٹیسی کیچ کا انتقال ان کے گھر پر رات گئے ہوا۔ وہ طویل عرصے سے دل کے سنگین عارضے میں مبتلا تھے۔
ان کی اہلیہ مالگوشیا ٹوماسی کیچ نے بتایا کہ اداکار طویل عرصے سے دل کی سنگین بیماری اور دل کے دورے کے اثرات سے نبرد آزما تھے۔
اسٹیسی کیچ کو عالمی شہرت جاسوسی پر مبنی ٹی وی سیریز ’مائیک ہیمر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے سے ملی تھی اور شیکسپیئر کے کلاسیکی ڈراموں میں بھی ان کی اداکاری کو خاص طور پر سراہا گیا۔
1984 میں ان کی زندگی کا ایک بڑا تنازع اس وقت سامنے آیا جب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر سامان میں چھپائی گئی کوکین برآمد ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
عدالت نے انہیں نو ماہ قید کی سزا سنائی تھی تاہم وہ چھ ماہ بعد رہا ہوگئے۔ بعد ازاں انھوں نے دوبارہ اداکاری شروع کی اور منشیات کے خلاف آگاہی مہم میں بھی حصہ لیا۔
1988 میں ٹیلی وژن کی منی سیریز ’ہیمنگوے‘ میں معروف امریکی ادیب ارنسٹ ہیمنگوے کا کردار ادا کرنے پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ ملا۔ ان کی آخری فلمی پیشکش جارج کلونی کی 2025 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جے کیلی‘ تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل