Loading
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اپنے بلے بازوں کی کارکردگی پر تشویش میں مبتلا ہیںجس کی وجہ صرف نیوزی لینڈ کے خلاف ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں 89 رنز پر پوری ٹیم کے آؤٹ ہونے تک محدود نہیں بلکہ دوسرے ون ڈے میں بھی 135 رنز کے تعاقب میں 111 رنز پر 7 وکٹیں گرنا ان کے لیے باعثِ تشویش ہے۔
بھارت کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے اور سیریز کا آخری ون ڈے اتوار کو ماؤنٹ مونگانوئی ہی میں کھیلا جائے گا۔
جمعے کی شب میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوتم گمبھیر نے کہا کہ ان مسائل کو نظرانداز کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ صرف اسی میچ کی بات نہیں ہے بلکہ گزشتہ میچ میں بھی ٹیم کی سات وکٹیں 111 یا 112 رنز پر گر گئی تھیں۔ آج بھارت کو شکست ہوئی ہے، اس لیے اب اس پر بات ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ ایک بہت بڑی شکست ہے، اس میں کوئی شک نہیں لیکن گزشتہ میچ میں بھی جب ٹیم 135 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی ہو اور 111 رنز پر سات وکٹیں گنوا دیں تو یہ یقیناً تشویش کی بات ہے۔ یہاں بولرز کو کچھ مدد مل رہی ہے، اس لیے بلے بازوں کو صرف ذہنی طور پر ہی نہیں بلکہ اپنی تکنیکی مہارت کے اعتبار سے بھی تیار رہنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ ان کنڈیشنز میں ون ڈے میچ کے ابتدائی 10 اوورز میں 70 سے 80 رنز بنانے کی توقع نہیں کر سکتے۔ اگر آپ بغیر کسی نقصان کے 35 سے 40 رنز بنا لیتے ہیں تو یہ بھی ایک اچھا آغاز ہے۔
بھارت میں بیٹنگ کے لیے ابتدائی 10 سے 15 اوورز سب سے آسان ہوتے ہیں لیکن یہاں یہی وقت بیٹنگ کے لیے سب سے مشکل ہوتا ہے۔ ان کنڈیشنز میں یہی بنیادی فرق ہے۔ بھارت کے پاس جتنا تجربہ ہے، امید ہے کہ ٹیم آخری میچ میں خود کو ان حالات کے مطابق ڈھالنے میں کامیاب ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل