Friday, November 13, 2026
 

مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مسلسل مالیاتی سرپلس ریکارڈ

 



وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مالیاتی کارکردگی میں بہتری محض عارضی نہیں لبکہ مسلسل مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کی عکاس ہے اور مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پر مسلسل سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تاریخی مالیاتی بہتری کا تسلسل جاری ہے اور  مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مسلسل تیسرے سال مالیاتی سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ مسلسل 23 سال پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خساروں کے بعد گزشتہ تین سال سے مالیاتی سرپلس کا تسلسل برقرار رہا ہے، مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی سرپلس 1.274 ٹریلین روپے یعنی جی ڈی پی کا 0.9 فیصد رہا۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں بنیادی سرپلس 2.974 ٹریلین روپے یعنی جی ڈی پی کا 2.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا، پہلی سہ ماہی میں بنیادی سرپلس بجٹ ہدف سے 239 ارب روپے یعنی 8.7 فیصد زیادہ رہا۔ وفاقی وزارت خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 1.896 ٹریلین روپے، مالی سال 2026 میں 2.119 ٹریلین روپے اور مالی سال 2027 میں 1.274 ٹریلین روپے کا مالیاتی سرپلس ریکارڈ کیا گیا اور گزشتہ تین سال میں پہلی سہ ماہی کے بنیادی سرپلس کی 26 سال کی تین بلند ترین سطحیں ریکارڈ کی گئیں اور یوں ہر سال سرپلس 2.9 ٹریلین روپے سے زائد رہا۔ وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک محدود رہا جو  22 سال کی کم ترین سطح ہے، مالی سال 2026 میں بنیادی سرپلس جی ڈی پی کا 2.9 فیصد رہا اور کم از کم مالی سال 2001 کے بعد بلند ترین سطح ہے جبکہ مالی سال 2024 سے 2026 تک مسلسل تین مالی سال بنیادی سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح مالی سال 2026 میں سود کے اخراجات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مالی سال 2027 کے بجٹ میں ٹیکس ریلیف اقدامات کے باوجود پہلی سہ ماہی میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رہا اور اخراجات قابو میں رکھے گئے۔ وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کی مالیاتی کارکردگی محض عارضی بہتری نہیں بلکہ مسلسل مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کی عکاس ہے، مالیاتی اصلاحات، مسلسل مالیاتی سرپلس اور قرضوں کے پائیدار انتظام سے ملک کی مالیاتی ساکھ، معاشی استقامت اور پائیدار ترقی کو تقویت ملے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل