Friday, November 13, 2026
 

ایف بی آر کے کراچی میں تعینات افسران کی اہلیت کا امتحان، نتائج میں پیشہ ورانہ کمزوریاں سامنے آگئیں

 



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اِن لینڈ ریونیو ونگ میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس افسران کی پیشہ ورانہ اہلیت جانچنے کے لیے ہونے والے امتحانات کے نتائج میں تشویش ناک کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔ نتائج کے مطابق کراچی میں تعینات متعدد افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اتریں۔ چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر کراچی میں تعینات اِن لینڈ ریونیو افسران کی اہلیت جانچنے کے لیے یہ امتحان لیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں جاری تربیتی جائزہ رپورٹ کے مطابق گریڈ 17 سے 19 تک کے افسران نے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ سیلز ٹیکس کے 150 اور انکم ٹیکس کے 143 افسران امتحان میں شریک ہوئے۔ دونوں امتحانات اوپن بک تھے، جن میں افسران کو مسودہ احکامات میں غلطیاں تلاش کرکے ان کی وجوہ بیان کرنا تھیں۔ رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے امتحان میں کوئی بھی افسر قابلِ قبول قرار دی گئی 60 فیصد نمبروں کی حد تک نہیں پہنچ سکا، جبکہ انکم ٹیکس میں صرف 4 افسران نے 60 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے۔ سیلز ٹیکس میں افسران کا اوسط اسکور 26.4 فیصد رہا، جبکہ انکم ٹیکس میں کامیابی کا تناسب 33.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ سیلز ٹیکس کے 47 اور انکم ٹیکس کے 16 افسران 20 فیصد سے بھی کم نمبر حاصل کرسکے۔ فیصلے جاری کرنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے کیے گئے جائزے میں بھی کمزور کارکردگی سامنے آئی۔ سیلز ٹیکس کے 150 افسران میں سے صرف 15 اپنے دستخط سے فیصلہ جاری کرنے کے معیار پر پورے اترے۔ اسی طرح انکم ٹیکس کے 143 افسران میں سے صرف 14 درست فیصلہ کرنے کی اہلیت رکھتے تھے۔ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی مشترکہ قابلیت کا امتحان دینے والے 139 افسران میں سے بھی صرف 4 درست فیصلہ کرنے کے معیار پر پورے اترے۔ دوسرے افسران کے تیار کردہ کیسز اور احکامات کی جانچ کے معاملے میں بھی نتائج حوصلہ افزا نہیں رہے۔ سیلز ٹیکس میں صرف 21 افسران دوسرے افسر کے تیار کردہ کیس کے قانونی پہلوؤں کا مؤثر جائزہ لینے کے قابل پائے گئے، جبکہ انکم ٹیکس میں یہ تعداد 28 رہی۔ رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے 56 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے صرف 4 احکامات کی جانچ کے مقررہ معیار پر پورے اترے۔ انکم ٹیکس کے 53 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے صرف 6 افسران اس معیار پر پورے اتر سکے۔ مجموعی طور پر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دونوں شعبوں میں ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی دیگر عہدوں کے افسران کے مقابلے میں بہتر رہی۔ تربیتی جائزہ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ افسران کا اعلیٰ گریڈ بہتر پیشہ ورانہ صلاحیت کی ضمانت ثابت نہیں ہوا۔ افسران عموماً غلطی کی نشاندہی تو کردیتے ہیں، تاہم اس کی قانونی وجوہ واضح کرنے میں کمزور رہتے ہیں۔ سیلز ٹیکس میں غلطیوں کی نشاندہی سے متعلق 31 فیصد اندراجات ایسی غلطیوں پر مشتمل تھے جو اصل مسودوں میں موجود ہی نہیں تھیں۔ اسی طرح انکم ٹیکس میں بھی 24 فیصد اندراجات میں ایسی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی جو مسودے میں سرے سے موجود نہیں تھیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں امتحانات میں شریک 14 افسران کو مکمل دوبارہ تربیت کے بغیر کسی بھی ٹیکس کا کیس دینے کے قابل نہیں سمجھا گیا۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ افسران کو فیصلہ سازی، شواہد کی جانچ اور قانونی وجوہ کی بنیاد پر احکامات تحریر کرنے کی تربیت دی جائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ کام کی ذمہ داریاں صرف عہدے کے بجائے افسران کی جانچی گئی صلاحیت کے مطابق تفویض کی جائیں اور احکامات کی جانچ پڑتال کا نظام مضبوط بنایا جائے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ نتائج ہر ٹیکس کے تین کیسز پر مشتمل امتحان کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں، اس لیے انہیں افسران کی مجموعی صلاحیتوں کا حتمی فیصلہ نہیں بلکہ ابتدائی اشاریہ سمجھا جانا چاہیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل