Saturday, November 14, 2026
 

جرح کا موقع دیے بغیر ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی، لاہور ہائیکورٹ

 



لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے مقدمے میں ملزم کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت بھجوا دیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع دیے بغیر ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔ جسٹس غلام سرور نہنگ نے 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ملزم کا پرائیویٹ وکیل مقرر نہ کرنا جرح کے حق سے رضاکارانہ دستبرداری تصور نہیں کیا جا سکتا۔ ملزم کو قانونی نتائج سے آگاہ کیے بغیر یہ نہیں سمجھا جا سکتا کہ اس نے جرح کا حق چھوڑ دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت ہر ملزم کو منصفانہ ٹرائل اور مؤثر دفاع کا حق حاصل ہے، جبکہ مستحق ملزم کو مفت قانونی معاونت کے حق سے آگاہ کرنا بھی عدالت کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 کے تحت مستحق ملزم کو قانونی معاونت فراہم کرنے کا طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے کے ٹرائل کے دوران ملزم جیل میں تھا اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات وکیل کی عدم موجودگی میں قلمبند کیے گئے، تاہم گواہوں پر جرح کا موقع دیے بغیر ٹرائل کورٹ نے اسے سزا سنا دی۔ ملزم کی مالی حیثیت اور قانونی معاونت کے حصول کے حق کا بھی جائزہ نہیں لیا گیا۔ ملزم عرفان عرف کالا کو دفعہ 337-D کے تحت سات سال قید اور 14 لاکھ 39 ہزار 508 روپے ارش ادا کرنے کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ زخمی محمد رمضان کو 6 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج خانیوال نے 25 جون 2024 کو ملزم کی اپیل مسترد کر دی تھی، جس کے بعد ملزم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی فوجداری نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے اور مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت بھجوا دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ مقدمے کا دوبارہ ٹرائل استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے سے شروع کیا جائے اور ملزم کو اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے اور استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع فراہم کیا جائے۔ وکیل کرنے کی استطاعت نہ رکھنے کی صورت میں ملزم کو قانونی معاونت فراہم کرنے کا موقع بھی دیا جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل