Saturday, November 14, 2026
 

کالا باغ میں کسٹمز کی بڑی کارروائی، 68 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد

 



پاکستان کسٹمز ان لینڈ انفورسمنٹ نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالا باغ میں قائم خفیہ ڈمپنگ اسٹیشن سے 68 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ ایسیٹیٹ ٹو اور تمباکو برآمد کرلیا۔ ترجمان کسٹمز کے مطابق کارروائی کے دوران 10 ہزار کلوگرام وزنی ایسیٹیٹ ٹو کے 45 بنڈلز اور 1400 کلوگرام تمباکو کے 50 سے 60 پارسلز برآمد کیے گئے۔ ضبط شدہ سامان تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کلکٹریٹ کی مختصر تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے جس میں اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے طریقہ واردات کا بھی انکشاف ہوا۔ کسٹمز حکام کے مطابق ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن پر سخت نگرانی اور کڑی چیکنگ کے باعث اسمگلروں نے متبادل راستہ اختیار کیا تھا۔ اسمگلنگ میں ملوث عناصر نے انفورسمنٹ اسٹیشن کے قریبی علاقے میں خفیہ ڈمپنگ سائٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں سامان عارضی طور پر ذخیرہ کیا جاتا اور بعد ازاں تھوڑی تھوڑی مقدار میں منتقل کرکے چیکنگ سے بچنے کی کوشش کی جاتی تھی۔ ترجمان کے مطابق کسٹمز کی بروقت کارروائی سے اسمگلنگ کی خفیہ سپلائی چین کا خاتمہ کردیا گیا ہے، جبکہ کلکٹریٹ نے کامیاب کارروائی پر پوری انفورسمنٹ ٹیم کے لیے خصوصی انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل