Loading
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل (سی او ایم)کے 30 ویں وزرائے کونسل اجلاس کے پہلے روز تنظیم کے مختلف اداروں کی رپورٹس کو حتمی شکل دے دی گئی اور پیر کو دوسرے روز منظوری کے لیے پیش کیا جائےگا، اجلاس کے دوسرے روز ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی خصوصی شرکت کریں گے۔
ای سی او کے وزرائے کونسل کا دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا جہاں پہلے روز 30ویں وزرائے کونسل کے اجلاس کے مسودے کا ایجنڈا، سیکریٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ، کونسل آف پرمننٹ ریپریزنٹیٹوز (سی پی آر) کے اجلاسوں، شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور ای سی او کے مخصوص اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی گئی جنہیں دوسرے روز منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق ای سی او کے وزرائے کونسل کی جانب سے پیر کو ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تجارت و تعاون کے فروغ کے لیے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے اور اجلاس میں اعلامیہ اسلام آباد کو حتمی شکل دینے، ای سی او کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب، آئندہ وزرائے کونسل اجلاس کی تاریخ اور مقام سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ای سی او کے وزرائے کونسل کا 30واں اجلاس 16 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جبکہ اتوار کو ای سی او رکن ممالک کے سینئر حکام کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیم کی مجموعی کارکردگی، علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ، مستقبل کی حکمت عملی اور انتظامی و مالی امور سمیت اہم معاملات زیر غور آئے۔
سینئر حکام کے اجلاس میں ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کی جانب سے کونسل کے طور اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں 30ویں وزرائے کونسل کے مسودہ ایجنڈے، سیکریٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ، کونسل آف پرمننٹ ریپریزنٹیٹوز (سی پی آر) کے اجلاسوں، شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور ای سی او کے مخصوص اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے کر انہیں منظوری کے لیے وزرائے کونسل کو پیش کرنے پر غور کیا گیا۔
مذکورہ رپورٹس کی پیر کو ہونے والے اجلاس میں حتمی شکل دے کر منظوری دی جائے گی، پیر کو ہونے والے اجلاس میں اہم ایجنڈا اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری بھی ہے جو ای سی او وژن 2025 کی جگہ تنظیم کا نیا اسٹریٹجک فریم ورک ہوگا۔
ای سی او کے نائب وزرائے خارجہ کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی (ایچ ایل سی) کی پہلی رپورٹ پر تجاویز، تنظیم کے 2027 کے بجٹ اور ای سی او سائنس فاؤنڈیشن (ای سی او ایس ایف) کے موجودہ صدر پروفیسر سید کمیل طیبی کی مزید تین سال کے لیے دوبارہ تقرری کی منظوری بھی زیر غور آئے گی اور توقع ہے ان کی دربارہ تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق اجلاس میں اعلامیہ اسلام آباد کو حتمی شکل دینے، ای سی او کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب، آئندہ وزرائے کونسل اجلاس کی تاریخ اور مقام سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 16 نومبر کو ہونے والے وزرائے کونسل کے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بطور میزبان اور موجودہ ای سی او چیئر ابتدائی خطاب کریں گے، قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیوبردی بطور 2025 کے ای سی او چیئر اپنا بیان دیں گے۔
اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہان وفود، ای سی او مبصرین، بین الاقوامی شراکت دار اداروں اور تنظیم کے مختلف اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
ای سی او اجلاس میں 30ویں وزرائے کونسل کی رپورٹ کی منظوری اور اختتامی کارروائی کے علاوہ یہ بھی طے ہے کہ وزرائے کونسل کا 31واں اجلاس 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو منعقدہ سیکریٹریز اور فوکل نمائندگان وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیر کو ہونے والی وزرائے خارجہ اجلاس کا ایجنڈا طے کیا گیا ہے، وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیے کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کلاک لکایا وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ترکیے کے وفد کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے جبکہ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شریک غیرملکی وزرا خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوگی، وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا، ایجنڈے میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی روابط بڑھانے سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل