Monday, November 16, 2026
 

کفایت شعاری بے اثر؛ 28 فیصد اضافے سے حکومتی اخراجات 206 ارب سے متجاوز

 



وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات کے باوجود سرکاری امور کی انجام دہی پر ہونے والے اخراجات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ان اخراجات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 28.21 فیصد اضافہ ہوا۔ وزارت خزانہ کی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران وفاقی حکومت کے انتظامی اور روزمرہ امور پر مجموعی طور پر 206 ارب 64 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں یہ رقم 161 ارب 18 کروڑ روپے تھی۔ ان اخراجات میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور مختلف سرکاری اداروں کے روزمرہ آپریشنل معاملات، ملازمین کی تنخواہوں، انتظامی ضروریات اور دیگر سرکاری امور پر آنے والی لاگت شامل ہے۔ تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اخراجات میں کمی کی کوششوں کے باوجود سرکاری مشینری چلانے پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں مزید اضافے کا تخمینہ بھی مقرر کیا ہے۔ اس مد میں پورے مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 1071 ارب روپے خرچ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل