Loading
راولپنڈی میں ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید کے قتل کیس میں 88 روز گزرنے کے باوجود چالان پیش نہ کیے جانے پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر کو خط لکھ دیا۔
پراسیکیوشن برانچ کے مطابق پولیس 14 روز میں چالان پیش کرنے کی پابند ہے، تاہم تاحال مقدمے کا چالان جمع نہیں کرایا گیا۔
پراسیکیوشن برانچ نے تفتیشی ٹیم اور ایس ایچ او کو فوری طور پر چالان پیش کرنے کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط کی نقل آئی جی پنجاب اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔ وکلا کا کہنا ہے کہ سنگین مقدمات میں تاخیر سے چالان پیش کرنا معمول بن چکا ہے۔
دوسری جانب حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں جنسی زیادتی کی دفعہ 376 بھی شامل کر لی گئی ہے، اس سے قبل ایف آئی آر میں صرف قتل کی دفعہ 302 شامل تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ میں حنا جاوید کو قتل سے قبل جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا تھا، جبکہ رپورٹ میں ملازم ذیشان کے نمونے بھی پائے گئے۔ ذرائع کے مطابق حنا جاوید کو ان کے ملازم ذیشان نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش دستیاب شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھائی جا رہی ہے۔ حنا جاوید کے قتل کے الزام میں ان کے شوہر ڈاکٹر فیصل اور ملازم ذیشان کے ملوث ہونے کا الزام ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل