Loading
این سی سی آئی اے لاہور نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خواتین سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد، مختلف مقدمات میں متاثرین کو 3 کروڑ ایک لاکھ 79 ہزار 122 روپے واپس دلوائے گئے۔
چینی اور نائجیرین باشندوں سے منسلک آن لائن سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایچ اے فیز 8 میں پرائم لنک پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے ایک چینی شہری فین لو اور تین خواتین سمیت 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 40 کمپیوٹرز، 34 موبائل فون اور آئی پیڈ برآمد کیے گئے۔
ڈی ایچ اے فیز 6 میں دو مقامات پر کارروائیاں کی گئیں جس میں تین چینی باشندوں اور پانچ خواتین سمیت 23 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 23 کمپیوٹرز اور 30 موبائل فون تحویل میں لے لیے گئے۔
جعلی فیس بک اکاؤنٹس پر خواتین کی تصاویر اور فرضی ناموں سے غیر ملکی شہریوں کو جھانسہ دے کر واٹس ایپ گروپس کے ذریعے لوٹا جاتا تھا۔
غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف پانچ کارروائیوں میں 62 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 100 لیپ ٹاپ، 14 کمپیوٹرز، 73 موبائل فونز اور دو سرورز سمیت 189 ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔
جعلی کال سینٹرز میں کام کرنے والے ملزمان ٹیلی کام نمائندے بن کر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں سے فراڈ اور چوری شدہ کارڈز کے ذریعے کارڈنگ میں ملوث تھے۔
شہریوں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں نجی بینک کے آپریشنل منیجر ارسلان احمد کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے نادرا ویری سس سے 842 غیر مجاز تصدیقیں کیں۔ بینک منیجر فی تصدیق 130 سے 150 روپے ایزی پیسہ کے ذریعے وصول کرکے شہریوں کی شناختی معلومات واٹس ایپ پر فروخت کرتا تھا۔
بچوں کے جنسی استحصال کا مواد پھیلانے اور بلیک میلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز مہم چلانے والے 2 ملزمان بھی پکڑے گئے۔ این سی سی آئی اے گوجرانوالہ نے خاتون کو بلیک میل اور قابل اعتراض ڈیٹا شیئر کرنے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق انتظامی سطح پر گوجرانوالہ کو این سی سی آئی اے لاہور زون میں شامل کرکے سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے سپرد کردی گئی ہے۔ برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، ملکی و غیر ملکی سرپرستوں اور مالی لین دین تک تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی اى اے عاطف امیر نے کہا کہ چائلڈ پورنو گرافی کے متعدد ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں، این سی سی آئی اے نے ایک ہفتے میں کئی کارروائیاں کیں، پنجاب میں کوئی غیر قانونی کال سینٹر نہیں چلنے دیں گے، شکایات پر اپنے ہی پانچ ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا، غیر قانونی کال سینتر گھروں میں شفٹ ہوگئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل