Loading
بحرالکاہل کی گہرائیوں میں سائنس دانوں نے ایک ایسی حیرت انگیز دنیا دریافت کی ہے جہاں دھاتوں سے بھرپور قدیم چٹانوں کے اندر انتہائی چھوٹے سمندری جاندار آباد ہیں۔ یہ جاندار ایک ملی میٹر سے بھی کم جسامت رکھتے ہیں اور ایسی چٹانوں کی باریک دراڑوں اور خالی جگہوں میں پناہ لیتے ہیں جنہیں بننے میں لاکھوں سال لگتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق ان چٹانوں کو پولی میٹالک نوڈیولز کہا جاتا ہے۔ بظاہر عام پتھروں جیسی دکھائی دینے والی یہ گہرے سمندر کی معدنی تشکیلیں سمندری حیات کے لیے غیر معمولی مسکن فراہم کرتی ہیں۔
یہ نوڈیولز زیادہ تر آئرن اور مینگنیز کے آکسائیڈز سے بنتے ہیں اور عموماً سیاہ رنگ کے ہوتے ہیں۔ ان کا حجم تقریباً انسانی مٹھی کے برابر ہوتا ہے۔ تاہم، ان کی نشوونما انتہائی سست رفتار سے ہوتی ہے اور بعض صورتوں میں 10 لاکھ سال کے دوران ان میں صرف چند ملی میٹر کا اضافہ ہوتا ہے۔
یہ معدنی چٹانیں سمندر کی سطح سے تقریباً 4 ہزار سے 6 ہزار میٹر گہرائی میں پائی جاتی ہیں اور لاکھوں برس تک سمندر کی تہہ میں موجود رہ سکتی ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق گہرے سمندر کی تہہ کا بیشتر حصہ نرم کیچڑ پر مشتمل ہوتا ہے لیکن یہ معدنی چٹانیں وہاں سخت سطحیں فراہم کرتی ہیں جبکہ ان کے اندر موجود باریک دراڑیں اور خالی جگہیں چھوٹے سمندری جانداروں کے لیے اضافی رہائش گاہ کا کام کرتی ہیں۔
محققین نے اس تحقیق کے دوران ان قدیم چٹانوں کے اندر رہنے والے ننھے جانداروں کا جائزہ لیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سمندر کی گہرائیوں میں حیاتیاتی تنوع برقرار رکھنے میں ان چٹانوں کا کتنا اہم کردار ہے۔
گہرے سمندر کی ماحولیات کی ماہر اور تحقیق کی تین مرکزی مصنفین میں شامل ڈاکٹر تانیا اسٹریٹ مین کے مطابق تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ان چٹانوں کے اندر موجود دراڑوں کا حجم ایک ملی میٹر سے چھوٹے جانداروں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت گہرے سمندر کے ماحولیاتی نظام کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بظاہر بے جان دکھائی دینے والی معدنی چٹانیں بھی سمندری حیات کے لیے اہم مسکن ہو سکتی ہیں۔
تحقیق کے نتائج سے سمندری حیات کی ایک غیر معمولی اور توقع سے کہیں زیادہ متنوع دنیا سامنے آئی۔ محققین نے 244 معدنی چٹانوں کا جائزہ لیا جن میں مجموعی طور پر 4139 انفرادی جانداروں کی شناخت کی گئی۔
تحقیق کے مطابق ہر چٹان میں اوسطاً 17 جاندار موجود تھے۔ تاہم، ایک ایسی چٹان بھی دریافت ہوئی جس کے اندر حیران کن طور پر 245 جانداروں نے پناہ لے رکھی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل