Tuesday, November 17, 2026
 

ہنگو: جے یو آئی کی ریلی کے دوران سڑک بلاک کرنے پر 300 افراد کیخلاف مقدمہ درج

 



تھانہ سٹی ہنگو پولیس نے جمعیت علمائے اسلام کی ریلی کے دوران ہنگو بازار روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرنے پر 250 سے 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ سٹی میں درج ایف آئی آر نمبر 860/26 کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او محمود عالم خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 188، 341، 147 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 15 نومبر 2026 کو دوپہر 2 بج کر 5 منٹ پر جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں نے ہنگو بازار روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ روڈ کی بندش کے باعث عام شہریوں، مریضوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے تقریباً ایک گھنٹہ 5 منٹ تک روڈ بند رکھا۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو کے احکامات کی روشنی میں علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے موقع پر پہنچ کر روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کرایا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور جلد ہی ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل