Loading
ڈیرہ اسماعیل خان میں عدالت میں پیشی کے بعد گھر واپس جانے والے باپ بیٹی فائرنگ سے جاں بحق، مقامی وکیل کا اسسٹنٹ زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل دریا خان میں سینما موڑ کے قریب ملزم کی اندھا دھند فائرنگ سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے، دونوں عدالت میں پیشی بھگتنے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی دم توڑ جانے والوں کی شناخت شہلا بی بی اور ان کے والد سیف اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کی زد میں آ کر ان کے ہمراہ موجود ایک تیسرا شخص بھی شدید زخمی ہوا جس کی شناخت ایک مقامی وکیل کے اسسٹنٹ کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھکر و دریا خان پولیس اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے دونوں مقتولین کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال دریا خان منتقل کر دیا۔
زخمی ہونے والے وکیل کے اسسٹنٹ کو بھی فوری طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش اور معلومات کے مطابق یہ ہولناک واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ شہلا بی بی کو تقریباً چھ ماہ قبل ایک اندھے قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا جس میں وہ عدالت سے ضمانت پر رہا تھی اور آج اسی مقدمے کی پیشی کے سلسلے میں عدالت آئی ہوئی تھی۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل