Wednesday, November 18, 2026
 

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی؛ ملکی آم کی برآمدات میں 36 فیصد کمی

 



مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان سے آم کی برآمدات رواں سیزن 36 فیصد کمی سے 78 ہزار ٹن تک محدود رہیں، 80 ہزار ٹن کا برآمدی ہدف بھی پورا نہ ہوسکا، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کی آمدنی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق یکم جون سے آم کی برآمدات شروع کرنے کے فیصلے کے باعث پاکستان تقریباً اپنا برآمدی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ رواں سیزن آم کی برآمدات سے ملک کو 5 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گزشتہ سیزن پاکستان نے ایک لاکھ 23 ہزار ٹن آم برآمد کیے تھے، جن سے 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اس طرح مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث آم کی برآمدات میں 45 ہزار ٹن اور برآمدی آمدنی میں 3 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔ وحید احمد نے بتایا کہ خلیجی ممالک، خصوصاً متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو آم کی برآمدات میں نمایاں کمی ہوئی۔ مال برداری کے اخراجات میں اضافے سے برآمدی لاگت بڑھ گئی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث اہم برآمدی منڈیوں میں طلب بھی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں مجموعی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان اور وسطی ایشیائی منڈیوں کو برآمدات بھی سرحد پار تجارت کی مسلسل معطلی کے باعث متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے تعاون سے یکم جون سے آم کی برآمدات شروع کرنے کا فیصلہ برآمد کنندگان کو ہدف کے قریب پہنچانے میں اہم ثابت ہوا۔ اگر برآمدات مئی میں شروع کی جاتیں تو پاکستانی آموں کے معیار سے متعلق شکایات سامنے آتیں اور موجودہ برآمدی حجم حاصل کرنا بھی مشکل ہوجاتا۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جون سے ستمبر کے اختتام تک جاری رہنے والے برآمدی سیزن کے دوران خلیجی ممالک کو آم کی برآمدات گزشتہ سال کے 36 ہزار ٹن کے مقابلے میں کم ہوکر 14 ہزار 500 ٹن رہ گئیں۔ قطر کو آم کی برآمدات ایک ہزار 900 ٹن سے کم ہوکر 880 ٹن، جبکہ عمان کو برآمدات 10 ہزار 200 ٹن سے کم ہوکر 8 ہزار 900 ٹن رہ گئیں۔ اسی طرح سعودی عرب کو آم کی برآمدات 2 ہزار 30 ٹن سے کم ہوکر ایک ہزار 460 ٹن رہ گئیں۔ افغانستان کی سرحد بند ہونے سے بھی برآمدی حجم میں اندازاً 24 ہزار ٹن کا نقصان ہوا۔ وحید احمد نے کہا کہ پاکستان کی آم کی صنعت کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں آم کی پیداوار اپنی 18 لاکھ ٹن کی ممکنہ استعداد کے مقابلے میں تقریباً 35 فیصد کم ہوگئی ہے۔ دوسری جانب کاشت کاروں کو پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب آم کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جبکہ باغات مختلف بیماریوں سے تیزی سے متاثر ہورہے ہیں اور ان میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بھی کمزور پڑ رہی ہے۔ آم کو پاکستان کی قومی شناخت کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ آم کے کاشت کاروں کی معاونت کی جائے اور انہیں جدید زرعی طریقوں سے روشناس کرایا جائے تاکہ ملک کی آم کی صنعت کو درپیش چیلنجز سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشرق وسطیٰ میں مستقل امن قائم ہونے کی صورت میں پاکستان کی آم کی برآمدات دوبارہ سابقہ سطح پر بحال ہوسکتی ہیں۔،  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل