Wednesday, November 18, 2026
 

دورانِ حمل سگریٹ نوشی کے بچے کی صحت پر سنگین نقصانات

 



بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک ہی دن میں تقریباً 100 سگریٹ پی تھیں جبکہ اس وقت وہ اپنی بیٹی عالیہ بھٹ کے حمل سے لاعلم تھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سونی رازدان نے بتایا کہ 1993 کی فلم ’گمراہ‘ کے ایک منظر کی شوٹنگ کے دوران انہیں بار بار سگریٹ پینا پڑی، تاہم انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ حاملہ ہیں۔ اس انکشاف کے بعد دورانِ حمل سگریٹ نوشی کے ممکنہ نقصانات ایک بار پھر زیرِ بحث آگئے ہیں۔ دورانِ حمل سگریٹ نوشی بچے کو کیسے متاثر کرتی ہے؟ طبی ماہرین کے مطابق سگریٹ میں موجود نکوٹین، کاربن مونو آکسائیڈ اور دیگر نقصان دہ کیمیائی مادے ماں کے خون کے ذریعے بچے تک پہنچ سکتے ہیں۔ کاربن مونو آکسائیڈ بچے کو آکسیجن کی فراہمی کم کرتی ہے، جبکہ نکوٹین خون کی نالیوں کو تنگ کر کے غذائی اجزا کی فراہمی متاثر کر سکتی ہے۔ سگریٹ نوشی سے بچے کو کیا خطرات لاحق ہو سکتے ہیں؟ ماہرین کے مطابق دورانِ حمل سگریٹ نوشی سے درج ذیل پیچیدگیوں کے امکانات بڑھ سکتے ہیں: بچے کی نشوونما متاثر ہونا اور پیدائش کے وقت وزن کم ہونا۔ وقت سے پہلے بچے کی پیدائش۔ پھیپھڑوں اور دماغ کی نشوونما متاثر ہونا۔ بعض پیدائشی نقائص، خصوصاً ہونٹ یا تالو میں شگاف۔ مردہ بچے کی پیدائش اور پیدائش کے بعد اچانک موت کے خطرات میں اضافہ۔ کیا ویپنگ اور دوسروں کے سگریٹ کا دھواں محفوظ ہے؟ طبی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ دورانِ حمل ویپنگ، حقہ اور دیگر نکوٹین والی مصنوعات بھی نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔ اسی طرح دوسروں کی سگریٹ نوشی سے پیدا ہونے والا دھواں بھی حاملہ خواتین اور ان کے بچوں کی صحت متاثر کر سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل